How I Reversed Diabetes (in Urdu-Part -5) | Important Vitamins and Minerals for Health | اچھی صحت کے لیے اہم وٹامنز اور منرلز

 کاربویائیڈریٹس (کاربز)، فیٹس اور پروٹین کے علاوہ اور کیا ضروری ہوتا ہے ہمارے جسم کے لیے

گذشتہ بلاگ میں کاربویائیڈریٹس (کاربز)، فیٹس اور پروٹین کے بارے میں بتایا تھا کہ یہ بنیادی اجزاء ہیں ہماری خوراک کے۔ لیکن ان کے علاوہ، ہمارے جسم کو صحت مند اور فعال رہنے کے لیے کئی دیگر ضروری اجزاء کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ پانی کے علاوہ یہ اجزاء ہوتے تو ہیں بہت تھوڑی مقدار میں اور زیادہ تر کا شوگر سے بھی براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے لیکن جسم کے مختلف افعال کو برقرار رکھنے اور بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دیگر ضروری غذائی اجزاء

وٹامنز:  وٹامنز جسم کے مختلف افعال جیسے مدافعتی نظام، ہارمونس کی پیداوار اور خلیات کی مرمت کے لیے ضروری ہیں۔

        وٹامن اے  :  آنکھوں کی صحت اور جلد کے لیے ضروری ہے۔ یہ گاجر، پالک، میٹھا کدو،آم، خربوزہ،دودھ، مکھن،جگر (لیور) وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

وٹامن سی:   مدافعتی نظام مضبوط کرنے اور اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے ۔ یہ مالٹے، لیموں، کینو،اسٹرابیری، کیوی،ٹماٹر، شملہ مرچ،ہری پتوں والی سبزیاں وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

وٹامن ڈی  : ہڈیوں کی صحت اور کیلشیم کے جذب کے لیے اہم ہے۔یہ مچھلی (سالمن، سارڈینز)، انڈے کی زردی، د دودھ دہی اورسورج کی روشنی وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

وٹامن ای:  جلد اور بالوں کے لیے مفید اور اینٹی آکسیڈنٹ ہے ۔ یہ بادام، اخروٹ، سورج مکھی کے بیج، سبزیوں کے تیل ، پالک او بروکلی وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

وٹامن کے :   خون جمنے میں مددگار ہوتا ہے۔ یہ ہری پتوں والی سبزیاں (پالک، بند گوبھی)، بروکلی، بند گوبھی، سبز پھلیاں، سویابین آئل وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

منرلز  : یہ جسم کے مختلف افعال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

کیلشیم  :  ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہے ۔ یہ دودھ اور دودھ کی مصنوعات (دہی، پنیر)، سبز پتوں والی سبزیاں (مثلاً پالک اور بند گوبھی)، بادام، تل کے بیج وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

میگنیشیم : اعصابی نظام اور پٹھوں کے افعال کے لیے اہم ہے ۔یہ خشک میوہ جات (بادام، اخروٹ، کاجو)، بیج (کدو کے بیج، السی کے بیج)، ہرے پتوں والی سبزیاں، مچھلی (سالمن، میکریل)، دالیں اور پھلیاں وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

آئرن : خون میں ہیموگلوبن کی پیداوار کے لیے ضروری ہے ۔ گوشت (خصوصاً بیل کی کلیجی)، مچھلی ، سبز پتوں والی سبزیاں (پالک) ،دالیں اور پھلیاں ، خشک میوہ جات (کشمش، خوبانی) وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

زنک : مدافعتی نظام اور زخم بھرنے کے لیے ہوتا ہے ۔ یہ گوشت (گائے کا گوشت، مرغی)، سمندری غذا ئیں خاص کر جھینگا، بیج (کدو کے بیج، تل کے بیج) ، گری دار میوے (کاجو، بادام) وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

پوٹاشیم : بلڈ پریشر کو متوازن رکھتا ہے ۔ یہ مالٹے اور ان کا رس ، آلو، ٹماٹر، پالک، لوبیا اور دالیں وغیرہ سے حاصل ہوتاہے۔

 پانی : جسم کے تمام افعال کے لیے پانی بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ جسم میں نمی برقرار رکھتا ہے، زہریلے مادے نکالتا ہے اور خون کو پتلا رکھتا ہے۔روزانہ تقریباً 8-10 گلاس پانی پینا ضروری ہے۔

 فائبرز: فائبر نظامِ انہضام کو بہتر بناتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔ یہ خون میں کولیسٹرول اور شوگر کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ہے۔ فائبر کے ذرائع: پھل، سبزیاں، دالیں، اور اناج ہیں ۔ لیکن بدقسمتی سے ہم فائبرز کو ان سے نکال دیتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹس : یہ خلیات کو فری ریڈیکلز کے نقصان سے بچاتے ہیں اور بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ یہ بلیو بیریز، سبز چائے، اور گہرے رنگ کے پھلوں میں ہوتے ہیں ۔

فائیٹو نیوٹرینٹس : یہ پودوں میں پائے جانے والے قدرتی مرکبات ہیں جو جسم کو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ پھلوں، سبزیوں اور ہربل چائے میں ہوتے ہیں۔

اومیگا-3 فیٹی ایسڈز : دماغ اور دل کی صحت کے لیے ضروری ہے۔ یہ مچھلی، اخروٹ، اور السی کے بیج میں ہوتا ہے

پروبائیوٹکس : یہ ''اچھے بیکٹیریا'' کہلاتے ہیں جو نظامِ انہضام کو بہتر کرتے ہیں۔ یہ دہی، پنیر فیرمینٹڈ فوڈز مثلاً اچار میں ہوتے ہیں۔

ایک متوازن غذا صرف کاربز، فیٹس، اور پروٹین پر مبنی نہیں ہوتی بلکہ وٹامنز، منرلز، پانی، فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، اور دیگر اجزاء کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔ یہ سب مل کر جسم کو مکمل غذائیت فراہم کرتے ہیں اور ہمیں صحت مند رکھتے ہیں۔

Comments